کراچی سمیت سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات، پی پی نے میدان مار لیا

Published On 24 September,2025 11:24 pm

کراچی:(دنیا نیوز) کراچی سمیت اندرون سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق11 اضلاع میں چیئرمین، وائس چیئرمین کی 9 میں سے 5 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوگئے ، ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی ، جنرل کونسلر کی نشست پر جی ڈی اے کے حصے میں ایک اور تحریک لبیک کے حصے میں 2 نشستیں آئیں جبکہ آزاد امیداروں نے بھی دو نشستیں جیتیں ، جے یو آئی کا کوئی بھی امیدوار کامیاب نہ ہوسکا ۔

اسی طرح شہرِ قائد میں ٹی ایم سی منگھوپیر کی یوسی 10، وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے اسٹیفن مسیح 891 ووٹ لیکر وائس چیئرمین منتخب ہوگئے، اے این پی کے احسن اللّٰہ 324 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

یو سی 8، ٹی ایم سی بلدیہ کیماڑی میں وائس چیئرمین کا انتخاب ہوا، جس میں غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے محمد فیصل 3132 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار حسنین چوہان 1084 لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

ٹی ایم سی سہراب گوٹھ، یوسی 8 وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے شہروز احمد غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق 1790 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ، جماعت اسلامی کے امیدوار آصف علی 73 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

ضلع غربی ٹی ایم سی اورنگی یوسی 7 میں جنرل وارڈ ممبر کی نشست پر غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق جماعت اسلامی کے محمد بلال نصیر 791 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے شیخ اظہر 749 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

کراچی میں ضلع غربی یوسی ون پولنگ اسٹیشن 9 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کی شہنیلا عامر 53 ووٹ لے کر آگے، ٹی ایل پی کے امیدوار محمد علی 51 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار عامر حیات کو 21 ووٹ ملے ہیں۔

تحریک لبیک نے اورنگی ٹاؤن یوسی ون میں چیئرمین کی نشست جیتنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ فارم 11 اور 12 کے مطابق تحریک لبیک کا امیدوار کامیاب ہوا ہے۔

 واضح رہے کہ سندھ کے 14 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات آج ہوئے، جن میں شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں 28 بلدیاتی نشستوں پر پولنگ ہوئی۔