عدالت پٹوار سرکلز میں پرائیویٹ افراد کے کام کرنے پر برہم، آسامیاں پر کرنے کا حکم

Published On 25 September,2025 11:48 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عدالت نے پٹوار سرکلز میں پرائیویٹ افراد کے ذریعے سرکاری کام کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو 7 روز میں متعلقہ آسامیاں پُر کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کے دوران عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایگزیکٹو نے طے کرلیا ہے کہ کسی عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں کرنا، ایک سال سے یہی کہانیاں سنائی جارہی ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ پٹوار خانوں میں منشی بٹھا کر غیر قانونی کام کیے جا رہے ہیں، 11 افراد غیر قانونی پٹوار خانہ چلا رہے ہیں، ضروری ہے کہ ہر افسر کو توہین عدالت کا نوٹس کر کے کام کرایا جائے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر ذاتی طور پر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات کر کے خالی آسامیاں پُر کرنے کے اقدامات کریں، بصورت دیگر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو طلب کیا جائے گا۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پٹوار سرکلز میں پرائیویٹ افراد کے ذریعے سرکاری کام کرنے کے خلاف کیس کی مزید سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔