کراچی: (دنیا نیوز) عدالت نے پولیس کی تحویل سے شہری عمران خانزادہ کی گمشدگی سے متعلق درخواست پر فریق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں پولیس کی تحویل سے شہری عمران خانزادہ کی گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار یحییٰ خان کے مطابق اے وی ایل سی کی ٹیم نے 26 اگست کو عمران خانزادہ اور اس کے کزن حبیب الرحمان کو حراست میں لیا تھا۔
ایڈووکیٹ حیدر امام نے عدالت کو بتایا کہ سب انسپکٹر جہانگیر نے رہائی کے عوض 25 لاکھ روپے رشوت طلب کی، بعد ازاں مجسٹریٹ نے تھانے پر چھاپہ مار کر حبیب الرحمان کو بازیاب کرا لیا تاہم پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خانزادہ دوسرے تھانے کی تحویل میں ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق مختلف تھانوں کے چکر لگانے کے باوجود عمران خانزادہ کا کچھ پتا نہیں چل سکا۔
بعدازاں عدالت نے ایس ایچ او اے وی ایل سی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا اور شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ، ایس ایس پی ایسٹ، اے وی ایل سی کے سب انسپکٹر جہانگیر، ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن اور ایس ایچ او سہراب گوٹھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔