پارکنگ پر سیل دکانیں کھولنے، دکانداروں کو گاڑیاں سڑک پر نہ کھڑی کرنے کا حکم

Published On 19 September,2025 12:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے پارکنگ کے مسئلے پر سیل دکانیں کھولنے کا حکم دیتے ہوئے دکانداروں کو گاڑیاں سڑک پر کھڑی نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے دکانیں سیل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو نے کی جس دوران متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران وکیل کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا ہے کہ دکانیں اس لیے سیل کیں کیونکہ آدھی سڑک پر گاڑیاں کھڑی تھیں، اس پر جسٹس اقبال نے کہا کہ یہ چاہے کسی بھی علاقے میں ہوں لیکن سڑک روکنے کا حق کسی کو نہیں ہے، درخواست گزار کاریں سڑکوں کے بجائے دکان کے اندر کھڑی کریں گے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا ہے کہ ہم کاریں قطار میں کھڑی کرتے ہیں، لوگوں کو پریشانی نہیں ہوتی، اس پر عدالت نے کہا کہ ہم مریخ سے نہیں آئے، یہیں رہتے ہیں اور روز سڑکوں پر حال دیکھتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے مشروط طور پر دکانیں کھولنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو روزگار کا حق ہے اسی لیے دکانیں کھولنے کی اجازت دے رہے ہیں، عدالت نے کہا آئندہ حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو آپ کو مشکلات ہوں گی، کوشش کریں گاڑیاں دکان کے اندر کھڑی کر کے کام کریں۔