کراچی: (دنیا نیوز) عدالت نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
سندھ ہائی کورٹ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران جسٹس عدنان الکریم میمن نے استفسار کیا کہ کیا عدالت گورنر کو عہدے سے ہٹا سکتی ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ درخواست میں صدر مملکت کو فریق بنایا گیا ہے اور عدالت صدر کو ہدایات جاری کر سکتی ہے۔
جسٹس عدنان الکریم میمن نے مزید پوچھا کہ گورنر سندھ کو کیوں ہٹایا جانا چاہیے؟ اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ گورنر کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے لیکن گورنر سندھ ایک سیاسی جماعت کے لئے کام کر رہے ہیں، گورنر وفاق کے نمائندے ہوتے ہیں اور ان کا رویہ ہر حال میں غیر جانبدار رہنا چاہیے۔
عدالت نے آئندہ سماعت تک ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور اٹارنی جنرل پاکستان سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور کیس کی مزید کارروائی 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔