کراچی: ڈمپر حادثات میں اموات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

Published On 15 August,2025 12:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز)کراچی میں ڈمپر حادثات کے باعث ہونے والی اموات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست تحریک بحالی کراچی کے اشرف جبار قریشی ودیگر کی جانب سے دائر کی گئی جس میں چیف سیکرٹری سندھ، ہوم سیکرٹری، آئی جی سندھ اور دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈمپر چلانے والے ڈرائیوروں کی اکثریت ٹریفک قوانین کی پابندی نہیں کرتی، جس کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈمپرز کی رجسٹریشن اور فٹنس سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کیا جائے اور فریقین کو سپریم کورٹ و ہائیکورٹ کے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔

خیال رہے کہ کراچی میں ڈمپر، ٹینکر اور ٹریلر پر مشتمل ہیوی ٹریفک شہریوں کا قاتل بن چکا ہے اور ہر روز کوئی نہ کوئی انسانی جان اس کے پہیوں تلے روندی جا رہی ہے، ڈمپر ٹینکر ٹریلر رواں برس میں اب تک 168 افراد کی جانیں لے چکے ہیں لیکن حادثات کا سلسلہ تھم نہیں رہا۔