عدالت کی لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

Published On 12 August,2025 10:13 am

کراچی: (دنیا نیوز) عدالت نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے متعلقہ اداروں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق 10 سے زائد درخواستوں پر سماعت ہوئی، دوران سماعت پولیس نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

پولیس رپورٹ کے مطابق چاکیواڑہ تھانے کی حدود سے لاپتہ ہونے والے چار افراد عبدالرحمان، رحیم بخش، اویس اور حمزہ بازیاب ہو کر گھر واپس پہنچ گئے ہیں، عدالت نے درخواست گزاروں کی تصدیق کے بعد ان چار افراد سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔

عدالت نے دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے متعلقہ اداروں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دی، ان میں تھانہ گزری سے لاپتہ فیصل، سچل سے توصیف احمد، اسماعیل، شاہنواز اور دیگر افراد شامل ہیں۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے اجلاس تشکیل دیئے جا رہے ہیں جن کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کر رہے ہیں۔

جسٹس ظفر احمد راجپوت نے استفسار کیا کہ کیا لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو جے آئی ٹی اجلاس سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے؟ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ اہلخانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔

عدالت نے دیگر لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کے لیے مقدمات درج کرنے کا حکم بھی دیا، درخواست گزار عبدالحسیب نے عدالت کو بتایا کہ مجاہد، سلمان، محمد فرحان، اور خوشحال بلوچ مختلف علاقوں سے لاپتہ ہیں جن کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

عدالت نے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔