کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار 30 سے زائد ملزمان کی مختلف مقدمات میں ضمانت منظورکرلی۔
عدالت عالیہ کے مطابق ملزمان کو چرس، گانجا، آئس اور دیگر منشیات کے جرم میں پولیس نے الگ الگ مقدمات میں گرفتار کیا تھا، ملزمان کو 25 ہزار سے 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔
جسٹس ذوالفقار علی سانگی نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی کی حالت دیکھ کر اور منشیات برآمدگی کیس میں ہم نے آئی جی سندھ کو بھی بلایا تھا، اتنے سارے کیسز میں ملزمان کی ضمانتیں منظورکی ہیں، ایک کیس میں بھی کسی نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کا نہیں بولا۔
دوران سماعت وکیل جاوید چھتاری نے کہا کہ میں اگربول بھی دوں گا تو بھی درخواست ضمانت مسترد کرنے کا آپ کا مزاج نہیں ہے۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم عمران قریشی کوتھانہ اجمیر نگری کے علاقے سے گرفتارکرکے 50 گرام چرس برآمد کی گئی تھی، ملزم انیس کو تھانہ ڈیفنس کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا اور 50 گرام منشیات برآمد کی گئی تھی، ملزم آدم خان کو تھانہ پریڈی کے علاقے سے گرفتار کیا تھا اور 35 گرام منشیات برآمد کی گئی تھی۔
عدالت عالیہ کو پولیس نے آگاہ کیا کہ ملزم رمیز کو مومن آباد کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، 50 چرس آمد کی گئی تھی، ملزم اسلام اور ریاض کو اجمیر نگری کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، 68 اور 16 گرام آئس برآمد کی گئی تھی،۔
فاضل عدالت نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق ملزمان کسی اور مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں ہیں، کچھ کیسز میں تو منشیات کی مقدار اتنی کم ہے کہ ملزمان کو سزا ہی صرف چند ماہ کی بنتی ہے۔