ممکن ہے قطر حملے نے پاک سعودیہ معاہدے کے مذاکرات کے عمل کو تیز کیا: خواجہ آصف

Published On 26 September,2025 04:52 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ممکن ہے قطر حملے نے پاک سعودی معاہدے کے مذاکرات کے عمل کو تیز کیا۔

امریکی صحافی کوانٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان دفاعی تعلقات طویل ہیں، سعودی عرب کےساتھ دفاعی معاہدے کو قطر حملے کا ردعمل نہیں کہہ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کی دفاعی معاہدے پربات چیت ایک عرصےسےجاری تھی، ہوسکتا ہےکہ قطر حملے نے اِس معاہدے کے لیے بات چیت کے عمل کو تیز کیا ہو۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ابھی بھی ہماری افواج سعودی عرب کی سرزمین پر موجود ہیں، اِس ڈیل سے دفاعی تعلقات کو باقاعدہ معاہدے کی شکل دی ہے، ہیروشیما اور ناگاساکی کے بعد کوئی بھی ایٹمی طاقت ہتھیار استعمال کرنے کے حق میں نہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہماری جمہوریت بہترین نہیں لیکن ہم  اِس کی بہتری کہ راہ پر گامزن ہیں۔

واضح رہے رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی حالیہ سعودی عرب کے دوران محمد بن سلمان سے ملاقات میں رہنماؤں نے سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ، معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی بڑھانے اور امن کے حصول کےلیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتاہے، معاہدے کے مطابق کسی بھی ایک ملک پر جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔