پاکستان اور روسی افواج کی مشترکہ مشق ’دروزبا VIII 15‘ سے جاری

Published On 26 September,2025 06:49 pm

راولپنڈی :(دنیا نیوز) پاک فوج اور روسی فوج کے درمیان مشترکہ مشق’دروزبا VIII 15‘ سے 27 ستمبر تک انسدادِ دہشتگردی کے شعبے میں جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی جانب سے تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چیف آف جنرل سٹاف تھے، جبکہ روسی سینئر عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مشق کے دوران دونوں ممالک کے فوجیوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا، مشق کا مقصد انسدادِ دہشتگردی آپریشنز میں ڈرون وار فیئر، شہری علاقوں میں لڑائی، اور بارودی سرنگوں و دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کے تدارک جیسے پہلوؤں پر مہارت میں اضافہ کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق نہ صرف دونوں ممالک کی افواج کو جدید حربی مہارتوں میں نکھار فراہم کر رہی ہے بلکہ پاکستان اور روس کے تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی بن رہی ہے۔