کراچی:(دنیا نیوز)چیف آف دی نیول سٹاف، ایڈمرل نوید اشرف، نشان امتیاز، نشان امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت نے بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس کراچی میں ڈینٹل کالج اور ہسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بحریہ یونیورسٹی ڈینٹل کالج اور ہسپتال کی تعمیر صحت عامہ اور طبی تعلیم کے شعبوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ چیف آف دی نیول سٹاف نےطبی تعلیم میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر اظہارِ اطمینان کیا جب کہ جدید سہولیات سے آراستہ اِس عمارت کے قیام پر بحریہ یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا۔
افتتاحی تقریب کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ ادارہ اخلاقی و پیشہ ورانہ اقدار سے آراستہ ڈینٹل ماہرین تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر عہدیداران، میڈیکل، ڈینٹل اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے ممتاز ماہرین نے شرکت کی۔