اسلام آباد:(دنیا نیوز)کمانڈر متحدہ عرب امارات نیول فورسز میجر جنرل سٹاف حمید محمد عبداللہ الرمیتھی نے ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں خطے کے سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر متحدہ عرب امارات نیول فورسز میجر جنرل سٹاف حمید محمد عبداللہ الرمیتھی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا جبکہ چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ایڈمرل نوید اشرف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں:یو اے ای نیول فورسز کے کمانڈر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات
اسی طرح کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے خطے میں بحری سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا، دونوں فریقین نے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر یو اے ای نیول فورسز کے حالیہ دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات بالخصوص مسلح افواج کے باہمی روابط مزید فروغ پائیں گے۔