گندم کاشت کرنے سے پہلے گندم کا ریٹ متعین کیا جائے: چیئرمین کسان اتحاد

Published On 27 September,2025 10:33 pm

کوئٹہ: (عائشہ عمران) چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر، صوبائی حکومتوں کو 15 دن کا الٹی میٹم دیتے ہیں، گندم کاشت کرنے سے پہلے گندم کا ریٹ متعین کیا جائے۔

چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ کی وفد کے ہمراہ کوئٹہ میں رند ہاؤس آمد ہوئی، انہوں نے سابق صوبائی و وفاقی وزیر سردار یار محمد رند سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات میں کسانوں اور زمینداروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، خالد حسین باٹھ نے سردار یار محمد رند سے تحریک میں ساتھ دینے کی درخواست کی۔

اس موقع پر سردار یار محمد رند نے کسان اتحاد کو احتجاج کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب پچھلے دو برسوں سے گندم اور کاٹن کا ریٹ نہیں ملا، موسمیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر مسائل کے باعث کسان شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

چیئرمین کسان اتحاد نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کسانوں پر رحم کی اپیل کرتے ہیں، ملک کے 70 فیصد لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت سے وابستہ ہے، اگر کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔

خالد حسین باٹھ کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے، گندم کے ریٹ نہ دینے پر کسان اتحاد نے پورے ملک میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین کسان اتحاد نے کہا کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو اگلے سال 50 فیصد گندم کم کاشت کی جائے گی، آج سردار یار محمد رند کے پاس آنے کامقصد یہی تھا کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں، سردار یار محمد رند کے تعاون کے بے حد مشکور ہیں۔