اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہماری قیادت بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ تصادم نہیں چاہتی۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مریم نواز پارٹی کی مستقبل کی قیادت ہیں جب کہ کشیدگی کو کم کرنے میں آصف زرداری ماہر ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا طویل تجربہ ہے وہ تصادم پر یقین نہیں رکھتے، صدرمملکت نے محسن نقوی کو بلایا ہے جوکہ خوش آئند ہے، ہماری قیادت بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ تصادم نہیں چاہتی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میاں محمد نوازشریف کی طبیعت اب بہتر ہے، نوازشریف کی غیرموجودگی پر بہت ساری قیاس آرائیاں ہوئیں، قائد ن لیگ سے مستفید ہونے والے کچھ لوگ غلط باتیں کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ شہبازشریف کل شام وطن واپس پہنچیں گے تو معاملات طے ہوجائیں گے، عدم اعتماد کی بات کرنے سے پہلے اسد قیصر کو اپنا گھر درست کرنا چاہیے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور اور علیمہ خان ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں، اسد قیصر اپنے گھر کی خبر لیں ہمارے گھر کو چھوڑیں، ہم اپنا گھر اچھے طریقے سے خود سنبھال لیں گے۔