اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-18 ہری پور کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کر دیا ہے۔
یہ نشست عمر ایوب خان کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، نوٹیفکیشن کے مطابق حلقے میں پولنگ 11 نومبر 2025 کو ہوگی۔
انتخابی عمل کے مختلف مراحل کیلئے تاریخیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں، جس کے مطابق بلک نوٹس کا اجرا 10 اکتوبر 2025 کو ہوگا، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 اکتوبر ہے جبکہ نامزد امیدواروں کی فہرست 14 اکتوبر کو شائع کی جائے گی، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 اکتوبر کو ہوگی اور اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 21 اکتوبر ہے۔
اپیلوں پر فیصلے 25 اکتوبر کو ہوں گے اور نظرثانی شدہ فہرست 26 اکتوبر کو شائع کی جائے گی، کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 28 اکتوبر ہے اور انتخابی نشان الاٹمنٹ 29 اکتوبر کو ہوگی، پولنگ کا دن 11 نومبر 2025 ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز کی تعیناتی بھی کر دی ہے۔