بانی نے گنڈا پور سے استعفیٰ طلب کر لیا، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ ہونگے: پی ٹی آئی

Published On 08 October,2025 05:40 pm

راولپنڈٰی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور سے استعفیٰ طلب کر لیا، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے تصدیق کر دی، علی امین کی جگہ سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے۔

 

سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹائے جانے سے متعلق خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور سے عمران خان نے استعفیٰ طلب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کر دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، بانی نے کہا اب میرے پاس علی امین گنڈا پور کو تبدیل کرنے کے علاوہ راستہ نہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال بدترین ہے، دہشت گردی کے مسئلے کو بڑے تناظر میں دیکھنا ہوگا، یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی نے خود کیا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے کہا دہشت گردی کے مسئلے کو بیٹھ کر حل کیا جائے، بانی نے کہا جرگوں، قبائل سے معاونت لی جائے، بانی نے آج اورکزئی میں ہونے والی شہادتوں پر غم کا اظہار کیا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج اورکزئی میں ہمارے افسر اور جوان شہید ہوئے، بانی پی ٹی آئی دہشت گردی اور آج ہونے والے اورکزئی واقعے پر غمگین ہیں، بانی نے کہا علی امین گنڈا پور عہدہ چھوڑ دیں، بانی نے خیبرپختونخوا حکومت کو کہا ہے کہ وفاق کی غلط پالیسی سے خود کو الگ کرے۔

انہوں نے کہا کہ بانی کو توقع ہے سہیل آفریدی وفاقی حکومت کو سمجھائیں گے، ہم نے ایک نئی شروعات کرنی ہے، واضح پالیسی دینی ہے، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ ہوں گے، نئی شروعات ہوں گی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم نے ایک نئی شروعات کرنی اور واضح پالیسی دینی ہے، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ ہوں گے وہ نئی شروعات کریں گے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ علیمہ خان کےخلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، وقت کے ساتھ فیصلے اور حکومتیں بدلتی رہتی ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور پارٹی کے وفادار ہیں، کوئی وجہ نہیں ہے کہ علی امین گنڈا پور بانی کے حکم کو نہ مانیں، علی امین گنڈا پور کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے، وہ پارٹی کے وفادار رہیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی کے مطابق بانی نے کہا علی امین گنڈا پور وزارت اعلیٰ چھوڑ کر عوامی سیاست کا حصہ بنیں۔