دیوار برلن گرنے سے امن، ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوا: عطاء تارڑ

Published On 10 October,2025 01:40 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ دیوار برلن گرنے سے امن ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے دیوار برلن کے گرنے کے 35 سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم موقع پر جرمنی کے عوام اور حکومت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اس روز جرمنی ایک ہوا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 35 سال قبل آج کے روز جرمنی کے عوام نے دنیا کو امن امید اور غیر متزلزل عزم کا پیغام دیا، پاکستان کی حکومت اور عوام ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے جرمنی کے اتحاد میں کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کودہشت گردوں کی سپورٹ کے لیے لایا گیا ہے: عطا تارڑ

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خوشی کے اس موقع پر پاکستان کے عوام جرمنی کے ساتھ ہیں، دیوار برلن گرنے سے جرمنی کے عوام میں ایک نئی امید پیدا ہوئی، پاکستان اور جرمنی کے بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات 1951 میں قائم ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور جرمنی کا تجارت توانائی ووکیشنل ٹریننگ، تعلیم، صحت اور ماحولیات کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون موجود ہے، پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں جرمنی کے تعاون کے مشکور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ایل پی سربراہ نے اشتعال انگیز تقاریر کیں، مارچ کیلئے اجازت نہیں لی: طلال چودھری

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا بااعتماد ساتھی ہے، جرمنی کے تعاون سے مکمل کئے گئے منصوبے دونوں ملکوں کے دوستانہ روابط کی واضح مثال ہیں، پاکستان کی حکومت جرمنی کے ساتھ اپنے قریبی تعاون کو مربوط بنائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جرمنی کے ساتھ عوامی سطح پر رابطوں کو مربوط بنائیں گے، جرمنی کی ترقی و خوشحالی اور پاکستان جرمنی تعلقات کی مزید مضبوطی کے خواہاں ہیں۔