ننکانہ صاحب:(دنیا نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بھارت کا سکھ یاتریوں کو ویزے جاری نہ کرنا افسوسناک عمل ہے۔
پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بابا گورونانک کے 556ویں جنم دن کی مرکزی تقریب پانچ نومبر کو ہوگی، تمام انتظامات پانچ دن پہلے مکمل کر لیے جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی گڈ گورننس روشن مثال ہے، پنجاب حکومت ہر مذہبی موقع پر بہترین انتظامات یقینی بناتی ہے،فلڈ متاثرین کے لیے بحالی کارڈز کی تقسیم حکومت پنجاب کا اہم اقدام ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت کا سکھ یاتریوں کو ویزے جاری نہ کرنا افسوسناک عمل ہے، مقدس مقامات پر حاضری ہر مذہب کے ماننے والے کا حق ہے، پنجاب حکومت سکھ یاتریوں کی خدمت کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب آنے والے تمام یاتریوں کو خوش آمدید کہے گی، فلڈ ایمرجنسی میں بروقت ایکشن سے بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔



