بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 27 October,2025 06:16 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز بلاول بھٹو زرداری کی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مولانا کو حالیہ صورتِ حال پر اعتماد میں لیا گیا، دورانِ ملاقات کشمیر میں حکومت سازی کے عمل میں مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق جس پر سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کو حکومت سازی کے حوالے سے مشورے دیے، دوران گفتگو افغانستان اور مسئلہ فلسطین بھی زیر غور آیا اور افغانستان کی صورتحال کو افہام و تفہیم سے حل پر پھر زور دیا۔

مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری میں پارلیمانی اُمور خصوصاً قومی اسمبلی، سینیٹ میں ورکنگ ریلیشن شپ کا بھی خصوصی طور پر تذکرہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ پارلیمانی جمہوریت میں سب سے اہم کردار پارلیمنٹ کا ہے جو ادا نہیں ہورہا ہے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ کی جانب سے افغانستان سے متعلق جو تجاویز اور خدشات ہیں وہ صدر مملکت تک پہنچاؤں گا۔