پنجاب بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ترمیمی) آرڈیننس 2025 تیار

Published On 28 October,2025 10:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے پنجاب بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ترمیمی) آرڈیننس 2025 تیار کر لیا۔

حکومت نے پنجاب بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں اختیارات کی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا، پنجاب اسمبلی سے پنجاب بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ترمیمی) آرڈیننس 2025 منظور کرایا جائے گا۔

آرڈیننس میں چیف منسٹر کو گورنمنٹ کی جگہ بورڈز کا سربراہ کنٹرولنگ اتھارٹی قرار دے دیا گیا، اب تعلیمی بورڈز کے خالی عہدے نجی شعبے سے بھی پُر کیے جاسکیں گے، آرڈیننس کے تحت نجی شعبہ بھی اہل قرار ہونگے۔

ترمیمی مسودے کے مطابق کنٹرولنگ اتھارٹی کی منظوری سے تعلیمی بورڈز میں تقرری ممکن ہوگی، ایکٹ 1976 کی شق 12 میں ترمیم کر کے ’’دیگر بورڈ‘‘ کے بعد نجی سیکٹر کا ذکر شامل کر دیا گیا، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو کنٹرولنگ اتھارٹی قرار دیا گیا جس کی سربراہ وزیراعلیٰ ہوں گی۔

سیکشن 13 میں ترمیم کے تحت کنٹرولنگ اتھارٹی کی جگہ سیکرٹری ٹو گورنمنٹ، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ شامل ہے، سیکشن 14 میں ترمیم کے تحت بورڈز کے تمام افسران کنٹرولنگ اتھارٹی کی منظوری سے تعینات ہوں گے۔

آرڈیننس کے مطابق بورڈز کے افسران کو مکمل وقت کے عہدے دار کے طور پر کام کرنے کی ہدایت دی جا سکے گی، سیکشن 16 میں ترمیم کے تحت کنٹرولنگ اتھارٹی کی جگہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ شامل ہوگا۔

مسودے کے مطابق سیکشن 20 میں ترمیم کر کے بورڈ کے ملازمین کی کارکردگی اور نظم و ضبط کے نئے اصول شامل کیے گئے، افسران اور ملازمین کی کارکردگی و نظم و ضبط کی نئی ذیلی شق (bb) شامل کی گئی یے، ترمیمی آرڈیننس کے تحت خالی آسامیوں پر فوری تقرری کی جائے گی۔

آرڈیننس کا مقصد تعلیمی بورڈز کے کام کو مؤثر، تیز اور شفاف بنانا ہے، سرکاری رپورٹ کے مطابق بورڈز میں کئی کلیدی عہدے خالی ہونے سے امور متاثر ہورہے تھے، آرڈیننس کے تحت اب نجی شعبے سے تقرری کے ذریعے خالی آسامیوں کو پر کیا جائے گا۔

آرڈیننس کے تحت ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو بورڈز کے نظم و نسق اور کارکردگی کا براہِ راست اختیار دے دیا گیا، پنجاب اسمبلی منظوری کے بعد آرڈیننس فوراً نافذالعمل ہوگا، آرڈیننس کا پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز پر لاگو ہوگا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے 1976 کے ایکٹ میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔