استعفیٰ تب دینگے جب جیل سے بانی پی ٹی آئی آئے گا: پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی منحرف گروپ

Published On 28 October,2025 06:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر اور جنرل سیکرٹری کی جانب سے میئر کراچی کو منحرف ارکان کی رکنیت ختم کرنے کے خط کا معاملہ، پی ٹی آئی منحرف اراکین کے پارلیمانی لیڈر اسد امان کا بیان سامنے آ گیا۔

پی ٹی آئی منحرف اراکین کے پارلیمانی لیڈر اسد امان نے کہا کہ میئر کراچی کو آج پی ٹی آئی کے صدر اور جنرل سیکرٹری نے خط لکھا ہے، مجھے افسوس اس بات کا ہے آج کرائے دار مالک مکان بننے چلے ہیں۔

پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی منحرف گروپ نے کہا کہ ہم استعفیٰ اس صورت میں دینگے جب جیل سے بانی پی ٹی آئی آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست 32 چیئرمینز پر شروع اور ختم ہوتی ہے، ہم سے استعفیٰ لینے کا اختیار صرف اور صرف بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔

اسد امان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے پیغام دینگے 32 اراکین استعفیٰ دیں ہم دینگے، یہ اتنی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں نوٹیفکیشن میں ایک چیئرمین کا نام دو مرتبہ لکھا ہے، ہم اس شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے چیئرمینز نے ہم سے زیادہ کام کیا ہو تو بتائیں جو آپ کی سزا وہ ہماری سزا ہے، عوام کے پیسے جیبوں میں ڈالنے کے بجائے ہم نے کام کیا۔

اسد امان نے کہا کہ سانحہ 9 کے مئی کے بعد ہم منظر عام پر نہیں آئے تھے جو مخصوص نشست پر خواتین منتخب ہوئیں ہم نے کسی جگہ دستخط نہیں کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی کاغذ پر دستخط کئے بغیر مخصوص نشست پر خواتین کیسے منتخب ہو گئیں، ہم نے میئر الیکشن میں مرتضٰی وہاب کو ووٹ نہیں دیا تھا۔