جنرل ساحر شمشاد کی بنگلہ دیشی آرمی چیف سے ملاقات، دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال

Published On 28 October,2025 08:54 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کے دوران آرمی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل وقارالزمان سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ دونوں افواج کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مختلف سطحوں پر دوروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

دونوں عسکری رہنماؤں نے گفتگو کے دوران خطے اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر تربیت، مشترکہ مشقوں اور انسدادِ دہشتگردی کے تجربات کے تبادلے جیسے شعبوں میں باہمی اشتراک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، ملاقات میں اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی گئی کہ مختلف پلیٹ فارمز پر گمراہ کن اور تقسیم پیدا کرنے والی معلوماتی مہمات ایک ابھرتا ہوا چیلنج بن چکی ہیں۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایسے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائےگا۔