افغان سرزمین سے پاکستان پر حملہ ہوا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا: عطااللہ تارڑ

Published On 30 October,2025 01:27 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان رجیم دہشت گردوں کو سپورٹ کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پروگرام’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کالعدم ٹی ٹی پی کو افغان سرزمین سے مدد حاصل ہے، افغان سرزمین سے پاکستان کیخلاف دہشتگردی ہوتی ہے، افغان طالبان اور ٹی ٹی پی دہشت گردی واقعات میں ملے ہوئے ہیں۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ افغان حکومت اور عالمی سطح پر بھی دہشت گردی کے شواہد پیش کئے، افغان طالبان کا ہر موقع پر بھارت سے رجوع کرنا بدنیتی ظاہر کرتا ہے، طالبان کسی بھول میں نہ رہیں کوئی حرکت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، افواج پاکستان نے چار گنا بڑے دشمن کو دھول چٹائی۔

وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو سزا یافتہ مجرم سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی، سہیل آفریدی دہشت گردوں کے ہمدرد ہیں۔