لاہور: (دنیا نیوز) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاری مکمل ہے، الیکشن بروقت ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے اجلاس ہوا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں ہماری تیاری مکمل ہے۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ اپریل مئی تک سب کام مکمل ہوجائے گا، انشاءاللہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات بروقت ہوں گے تاخیر نہیں ہوگی۔
قبل ازیں ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا تھا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن سے مزید وقت مانگا ہے، چار ہفتوں کا وقت ناکافی قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے حد بندی رولز کیلئے مزید اڑھائی ماہ کاوقت مانگا ہے، پنجاب حکومت نے جنوری2026ء تک حد بندی رولز کی تکمیل ک اوقت مانگا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب و سیکرٹری بلدیات کا مؤقف ہے کہ پنجاب بڑا صوبہ ہے حد بندی رولز چار ہفتوں میں نہیں ہوسکتے۔



