سعودی شاہ و دیگر کی مبارکباد، برج خلیفہ پاکستانی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا

Published On 14 August,2022 11:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سعودی شاہ محمد بن سلمان، برطانوی اور یوگنڈا کی وزیراعظم کی یوم آزادی پر مبارکباد دی جبکہ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو پاکستان کے پرچم کے رنگوں میں رنگ دیا گیا۔

برج خلیفہ کی انتظامیہ بھی پاکستان کے یوم آزادی کے جشن میں شریک ہوئی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برج خلیفہ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مباکباد دی۔

شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی یوم آزادی پر مبارکباد

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام دیا۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے صدر پاکستان، عوام اور حکومت کے نام پیغام بھیجا اور پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی اردو میں پاکستانیوں کو مبارکباد

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اردو میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانیوں کو 75 ویں یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 75 سال کے دوران ہمارے درمیان قریبی تعلقات استوار ہوئے ہیں، 16 لاکھ پاکستانی برطانیہ کو اپنا گھر سمجھتے ہیں، مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کا منتظر ہوں۔

یوگنڈا کی وزیراعظم کی یوم پاکستان پر مبارکباد

یوگنڈا کی ڈپٹی وزیراعظم ناکاڈامہ رُکیہ نے بھی یوم پاکستان پر پیغام میں پاکستانی قوم اور حکومت کو 75 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی اور گورنمنٹ آف یوگنڈا کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 ہائی کمیشن آف پاکستان لندن میں تقریب، میئر صادق خان کو ستارہ پاکستان سے نوازا گیا

 75ویں یوم آزادی پر ہائی کمیشن آف پاکستان لندن میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، میئر آف لندن صادق خان کو ستارہ پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ہائی کمیشن آف پاکستان لندن میں تقریب کے دوران ایوارڈ وصول کرنے کے بعد صادق خان نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ یہاں ہیں، وہ فخر محسوس کرتی ہیں، ہم جسمانی طور پر پاکستان میں نہ بھی ہوں تو پاکستان ہمارے دل کے قریب ہے، پاکستان کو درپیش چیلنجز سے ہم بھی پریشان رہتے ہیں۔

لندن کے میئر نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے پر فخر ہے، لندن اور پاکستان کے درمیان ثقافتی اور تجارتی روابط بہت اہم ہیں۔

Advertisement