ستائیسویں آئینی ترمیم کا مقصد میثاق جمہوریت پر عملدرآمد ہے، احسن اقبال

Published On 06 November,2025 02:27 am

لندن: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کا مقصد میثاق جمہوریت پر عملدرآمد ہے۔

احسن اقبال بدھ کے روز علی الصبح لندن پہنچے جہاں انہوں نے برطانوی حکام سے کیبنٹ آفس اور کالٹن ہاؤس میں ملاقاتیں کیں، اس حوالے سے وفاقی وزیر نے بتایا کہ آج مصروف دن گزارا، ستائیسویں آئینی ترمیم شفاف طریقے سے ہوگی، ستائیسویں آئینی ترمیم پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے گی، آئینی ترمیم کا مقصد میثاق جمہوریت پر عملدرآمد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم سے عدلیہ کو مضبوط کرنا مقصود ہے، ہمارا دفاع کا طریق کار 1971ء کا وضع کردہ ہے، مضبوط دفاع کیلئے ستائیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے تبدیلیاں کریں گے، مضبوط عدلیہ، مضبوط دفاع اور مضبوط جمہوریت ہماری خواہش ہے، جمعے کو ستائیسویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آ جائے گا، کوئی ایسی ترمیم نہیں لائیں گے جس سے آئین کی بنیاد کمزور ہو، اپوزیشن پاکستان کی مضبوطی کیلئے آئینی ترمیم پر تجاویز دے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ظہران ممدانی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے سیاست میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے، ممدانی کی فتح امریکی جمہوریت کا حسن ہے، ممدانی تارک وطن اور متوسط طبقے سے ہیں، دعا ہے وہ عوام سے کیے وعدے پورے کر سکیں۔