اسلام آباد بار کونسل کی خودکش حملہ کی مذمت، 3 روزہ ہڑتال کا اعلان

Published On 11 November,2025 08:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد بار کونسل نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش حملہ کی مذمت کرتے ہوئے تین روزہ ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

اعلامیہ کے مطابق بار کونسل ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس،میں دہشت گردانہ حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے، حملے میں وکلا سمیت متعدد بے گناہ شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

عدالتی ادارے کو نشانہ بنانے والے دہشت گردی کے بزدلانہ اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہیں، بارکونسل شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ وحشیانہ فعل کے خلاف اسلام آباد کی تمام عدالتوں میں 12 سے14 نومبر تک مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں۔

اسلام آباد بار کونسل اور ماتحت بار ایسوسی ایشنز کا اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، افسوسناک واقعے کی فوری طور پر شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں۔

بار کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام آباد بھر کی تمام عدالتوں میں سکیورٹی بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔