اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تُرکیہ میں فوجی طیارے کے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ترکیہ میں فوجی طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے حوالے سے صدر آصف علی زرداری نے تُرک صدر رجب طیب اردوان سے اظہارِ تعزیت کیا اور تُرک قوم سے ہمدردی کا اظہار کیا، صدر پاکستان نے حادثے میں شہید ہونے والے تُرک اہلکاروں کے درجات کی بلندی کیلئے دُعا کی۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان تُرکیہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہے، تُرکیہ اور پاکستان آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
خیال رہے کہ ترک فضائیہ کا سی 130 طیارہ آذربائیجان اور جارجیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا اور بدقسمتی سے طیارے میں سوار 20 اہلکار جاں بحق ہوگئے، روانگی کے کچھ دیر بعد ہی طیارہ سرحدی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔



