راولپنڈی: (دنیا نیوز) تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل صابرزادہ امام علی عبدالرحیم نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے وسیع امور، خاص طور پر موجودہ عالمی اور علاقائی سیکیورٹی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا، اعلیٰ حکام نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کے دائرہ کار اور سطح کو مزید بڑھانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
جنرل ساحر شمشاد نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان بطور بھائی ممالک دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں مثبت طور پر مصروف عمل ہیں۔
وزیر دفاع تاجکستان نے دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور امن کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور کامیابیوں کو سراہا۔



