واشنگٹن: (دنیا نیوز) سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات اختیاری نہیں بلکہ دنیا کے لئے بھی ناگزیر ہیں۔
امریکا کے معروف تعلیمی ادارے بوسٹن یونیورسٹی کے فریڈرک ایس پردی سکول آف گلوبل اسٹڈیز میں پاک امریکا کثیر الجہتی تعلقات کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان شیخ کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کیلئے اہم اور نتیجہ خیز رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کی معاشی جہت اولین ترجیح اور پیش نظر ہے، عالمی سطح پر مقابلے کے بجائے تعاون کا فروغ بہتر مستقبل کا ضامن ہوگا۔
سکول کے ڈین ایمریٹس پروفیسر عادل نجم کے ساتھ پاک امریکا تعلقات کے تاریخی پس منظر، حالیہ ادوار اور مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رضوان شیخ کا کہنا تھا کہ دنیا کے دو بڑے ممالک کے مابین اچھے تعلقات اختیاری نہیں ہیں بلکہ ناگزیر ہیں۔
سفیر پاکستان نے پاکستان کو تذویراتی اعتبار سے دنیا کا اہم مقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں عمومی طور پاک امریکا تعلقات کو سکیورٹی کے تناظر میں دیکھا جاتا رہا ہے، موجودہ دور میں دونوں ممالک کی توجہ اقتصادی تعلقات پر مبنی تذویراتی شراکت داری کے فروغ پر مبنی ہے۔
شرکا کے ایک سوال کے جواب میں رضوان سعید شیخ نے ملک کے جمہوری سفر پر بات کرتے ہوئے مثبت سمت میں جاری ارتقائی عمل کے اہم نکات کو اُجاگر کیا۔
اپنے اختتامی کلمات میں سفیر پاکستان نے عالمی سطح پر باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔



