پی ٹی آئی حالتِ انتشار میں، بانی سے بدنیتی پر مبنی فیصلے کروائے جاتے ہیں: شیر افضل

Published On 16 November,2025 03:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انتشار کی حالت میں ہے، بانی پی ٹی آئی سے بدنیتی پر مبنی فیصلے کروائے جاتے ہیں۔

ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ بانی پی ٹی آئی پر بشریٰ بی بی کا بہت اثر ہے، اور یہ بھی حقیقت ہے کہ عمران خان کے طریقہ حکمرانی پر تصوف کا اثر تھا، پی ٹی آئی برطانوی جریدے کے خلاف بہت اچھا کیس کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور، محمود خان، عثمان بزدار اور سہیل آفریدی بھی بشریٰ بی بی کے فیصلے ہیں، علی امین گنڈا پور کو ہٹانے کا فیصلہ بھی بشریٰ بی بی کا تھا، علی امین گنڈاپور کو ہٹا دیا گیا اور بیرسٹر گوہر کی کوئی بات نہیں مانتا۔

شیرافضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ مجھے تو پارٹی سے 3 دفعہ نکال دیا گیا، اب میں جس سے مرضی ملوں، نواز شریف نے کہا کہ انہیں مجھ سے مل کر خوشی ہوئی، پی ٹی آئی میں سب سے زیادہ طاقت ور چیز ایک دوسرے کے کان بھرنا ہے، سہیل آفریدی کیلئے احتجاجی تحریک چلانا مشکل ہے۔