پشاور:(دنیا نیوز) وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاق سے صوبے کے مالی حقوق کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کردیا۔
بیوٹی فیکیشن پشاور منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پشاور ہم سب کا ہے، اِس کوخوبصورت ترین بنانا سب کی ذمہ داری ہے، دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں کے پی کے عوام نے دی ہیں، نیٹ ہائیڈل پرافٹ میں ہمارے 2200 ارب روپے بقایا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ این ایف سی میں خیبرپختونخوا کا حصہ 19 اعشاریہ 4 فیصد بنتا ہے، جس کے تحت صوبے کو 400 ارب روپے ملنے چاہییں، وفاق اپنی ذمہ داری نبھائے، کے پی کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے۔
وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر سے 90 فیصد عوامی مینڈیٹ ملا ہے اور حکومت صوبے کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کرے گی، اس دفعہ زیادہ ڈیلیور کرکے دکھائیں گے۔



