اسلام آباد: (دنیا نیوز)وفاقی آئینی عدالت نے خیبرپختونخوا میں سٹون کرشنگ سے متعلق درخواست نمٹا دی ہے اور مناسب حکمنامہ بعد میں جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ فوری طور پر سٹون کرشنگ کھولنے کا حکم نہ دیا جائے اور پہلے مالکان متعلقہ اداروں کو مطمئن کریں۔
وکیل نے بتایا کہ صوبائی حکومت کے قواعد کے مطابق شہروں میں سٹون کرشنگ یونٹس کیلئے 500 میٹر اور دیہی علاقوں میں 300 میٹر فاصلہ ہونا چاہیے، جبکہ بعض دیہی علاقوں میں 60 میٹر کے فاصلے پر یہ کام جاری ہے۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے واضح کیا کہ عدالت کا کام صرف حکومتی پالیسی پر عمل درآمد کرانا نہیں اور یہ ذمہ داری صوبائی حکومت پر ہے، تاہم وہ متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر سکتی ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد درخواست نمٹا دی اور حتمی حکم نامہ جاری کرنے کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔



