اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع کے سندھ سے متعلق بیان کو حقیقت سے فرار اور انتہائی خطرناک ذہنیت کا عکاس قرار دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسے بیانات بین الاقوامی قانون، تسلیم شدہ سرحدوں اور ریاستی خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں، ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ بھارتی قیادت اشتعال انگیز بیانات سے گریزکرے، یہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت سے اقلیتوں کے تحفظ اور اُن کے خلاف تشدد پر اکسانے والوں کا محاسبہ کرنے کا مطالبہ کر دیا، اور کہا کہ بھارت کے شمال مشرقی خطے کے لوگ آج بھی ریاستی سرپرستی میں تشدد، شناختی جبر اور محرومی جھیل رہے ہیں، بھارتی حکومت عقائد کی بنیاد پر تعصب اور تاریخی مسخ شدگی پر مبنی امتیازی رویے کا حل نکالے۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بھارت جموں وکشمیر تنازع کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق نکالے، پاکستان تمام تنازعات کا پرامن حل چاہتا ہے اور اپنی خود مختاری اور سلامتی کے دفاع کیلئے پرعزم ہے۔



