گورنر کی منظوری کے بعد پنجاب میں موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کا نفاذ

Published On 26 November,2025 02:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کا نفاذ ہوگیا، گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 نافذ کر دیئے گئے۔

موٹر وہیکل آرڈیننس کے مطابق پنجاب میں گاڑیوں، ڈرائیونگ لائسنس اور ٹریفک سسٹم میں بڑے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

آرڈیننس کے مطابق ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل کو 2 ہزار، تھری ویلر کو 3 ہزار روپے، کار کو 5 ہزار روپے، 2000 سی سی کی گاڑیوں کو 10 ہزار روپے اور دو ہزار سی سی سے زائد کی گاڑیوں کو سگنل خلاف ورزی پر 15 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

اس کے علاوہ اوورلوڈنگ پر تھری ویلر کو 3 ہزار روپے، 2 ہزار سی سی سے کم گاڑیوں کو 5 ہزار روپے اور 2 ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، جبکہ ٹرالر کو اوور لوڈنگ پر 15 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

آرڈیننس کے تحت دھواں چھوڑتی موٹرسائیکل کو 2 ہزار روپے، تھری ویلر گاڑی کو 3 ہزار روپے، بڑی گاڑی کو 8 ہزار روپے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو دھواں چھوڑنے پر 15 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔