کراچی: وکلا کی وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب ریلی، پولیس سے جھڑپ

Published On 26 November,2025 02:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے کارونجھر پہاڑ کی کٹائی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب بڑھنے پر پولیس نے وکلاء کو روکنے کی کوشش کی، پولیس سے جھڑپ اور دھکم پیل کے دوران کئی وکلا کنٹینر پر چڑھ گئے۔

صدر کراچی بار عامر وڑائچ کا کہنا ہے کہ وہ تھرپاکر میں کارونجھر پہاڑ کی کٹائی کے خلاف ریلی نکال رہے ہیں، جب تک حکومت پہاڑوں کی کٹائی کا فیصلہ واپس نہیں لیتی احتجاج جاری رہے گا۔

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سرفراز میتلو نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ آپ لیز دلوانے والوں کے ساتھ بھی ہیں اور منسوخ کرانے والوں کے ساتھ بھی ہیں، سندھ کے باشعور عوام جاگ چکے ہیں، ہر شخص سندھ کے حقوق کا محافظ ہے۔

سرفراز میتلو کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدام کی مذمت کرتے ہیں، ہم پرامن طور پر اپنے مطالبات پیش کرنے آئے ہیں۔

صدر سندھ ہائیکورٹ بار نے مزید کہا کہ ہم پندرہ دن بعد دوبارہ ملیں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، آنے والے وقت میں صوبائیت کی سیاست ہوگی ہم صوبائیت کی سیاست مسترد کرتے ہیں۔