کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پہلا واقعہ قائد آباد کے علاقے میں پیش آیا جہاں قائد آباد پولیس نے احسن آباد گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی ڈاکو کو گرفتار کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ڈاکو کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت خالد کے نام سے ہوئی، پولیس نے موقع سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا۔
دوسرا مقابلہ زمان ٹاؤن پولیس اور ملزمان کے درمیان کورنگی ناصر جمپ کے قریب ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں پکڑا گیا، حکام کے مطابق اسے بھی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں کے دیگر ساتھیوں کو پکڑنے کیلئے بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔



