وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہنگو پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت

Published On 27 November,2025 01:05 am

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی سہیل افریدی نے جائے وقوعہ پر فوری اضافی نفری بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ہنگو: پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 3اہلکار شہید

وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی اور زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ مزید مضبوط عزم کے ساتھ جاری رہے گی، وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔