اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے امریکا میں وائٹ ہاؤس کے قریب حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سر اٹھانے والی دہشت گردی کے خطرے کا ثبوت قرار دے دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان امریکہ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعہ کی شدید مزمت کرتا ہے، واقعہ میں مبینہ طور پر افغان شہری ملوث تھا، مقتول گارڈز کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ زخمی ہونے والے افراد کی صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں، پاکستان کی ہمدردی متاثرہ خاندانوں اور امریکا کے ساتھ ہے، یہ حملہ امریکی سرزمین پر دہشتگردی کی ایک گھناؤنا سازش ہے۔
یہ بھی پڑھئے: افغانستان سے تاجکستان میں چینی شہریوں پر حملہ انتہائی تشویشناک ہے: پاکستان
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کو گزشتہ دو دہائیوں سے افغان سرزمین سے دہشت گرد حملوں کا سامنا ہے، واشنگٹن حملہ سر اٹھانے والی دہشتگردی کے خطرے کا ثبوت ہے، دہشت گردی کے سنگین مسئلے پر عالمی تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ واشنگٹن حملہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے دوبارہ ابھرنے کی تشویشناک علامت ہے، پاکستان بین الاقوامی برادری سے انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کوششیں دوبارہ فعال کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکا اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔



