پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کی ایرانی مشیر قومی سلامتی کے دورہ پاکستان کی تصدیق

Published On 24 November,2025 06:46 pm

تہران: (دنیا نیوز) ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے ایرانی مشیر قومی سلامتی کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ‘ پر اپنے بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری اور ایرانی سپریم لیڈر کے نمائندے علی لاریجانی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، دورہ دونوں ممالک کے درمیان وسیع اور مسلسل رابطوں کا حصہ ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے، دورہ پاک ایران کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے دورہ پاکستان پر روانہ ہونے سے قبل اپنےپیغام میں کہا کہ آج پاکستان کے دورے پر روانہ ہوں گا، پاکستان خطے میں ہمارا دوست اور برادر ملک ہے۔

ایرانی مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم یہ بات کبھی نہیں بھولے گی کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی رہی،امریکہ اور صہیونی رجیم کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی رہی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان خطے میں پائیدار سلامتی کے دو اہم اور مؤثر ممالک ہیں، ہم ہمیشہ خطے کے ممالک کے برادرانہ تعلقات پر توجہ دیتے ہیں۔