تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کو بالآخر ایران کو پُرامن جوہری ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک سائنسی مرکز کے طور پر تسلیم کرنا پڑے گا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ بات ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے گزشتہ روز اٹامک انرجی آرگنائزیشن آف ایران کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی،انہوں نے ملک کی جوہری شعبے میں نمایاں کامیابیوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اپنے جوہری حقوق کے دفاع سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا۔
انہوں نے کہا کہ مغرب کا اصل مقصد ایران کو اس کی جوہری صلاحیتوں سے محروم کرنا اور اس میدان میں اپنی اجارہ داری برقرار رکھنا ہے، انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کے پاس بالآخر کوئی چارہ نہیں رہے گا سوائے اس کے کہ وہ ایران کو پُرامن جوہری صنعت میں ایک سائنسی مرکز کے طور پر تسلیم کریں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ جوہری سائنس کے میدان میں ایران کی پیشرفت ایرانی سائنسدانوں کی برسوں کی محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے اور ایران میں کوئی بھی شخص ملک کے جوہری حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے ہمیشہ بین الاقوامی اداروں، بشمول بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون کر کے اپنے جوہری پروگرام کی پُرامن نوعیت کو ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔



