یونان کشتی حادثہ، غفلت و بدعنوانی پر ایف آئی اے کے کئی افسر برطرف، اپیلیں مسترد

Published On 01 December,2025 10:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزارت داخلہ نے یونان کشتی حادثہ سمیت غفلت و بدعنوانی پر 13 افسروں کو برطرف کر دیا، سزاؤں کے خلاف اپیلیں مسترد کر دیں۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ نے یونان کشتی حادثہ 2023 سمیت غفلت، بدعنوانی اور غیر پیشہ ورانہ رویے پر کئی افسران برطرف کیا، کراچی ایئرپورٹ کے ایک ڈپٹی ڈائریکٹر، 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو برطرف کر دیا گیا۔

فیصل آباد ایئرپورٹ کے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی یونان کشتی حادثہ 2023 میں غفلت کے الزامات ثابت ہونے پر برطرف کر دیا گیا، ملتان ائرپورٹ پر تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر کو انسانی اسمگلرز سے مبینہ روابط پر 3 سال کے لیے عہدے اور تنخواہ میں تنزلی کی سزا دی گئی۔

ناقص تفتیش پر 2 سینئر انویسٹی گیٹرز جبکہ غفلت اور لاپرواہی پر ایک اسسٹنٹ ڈیٹابیس ایڈمنسٹریٹر بھی ملازمت سے فارغ کر دیئے گئے، 4 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایک انسپکٹر کی غیر حاضری، غفلت اور ناقص تفتیش پر بنیادی تنخواہ میں 1 سے 3 سال کی کمی کی گئی۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر قیدی کو مس ہینڈل کرنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور انسپکٹر کو سینشور کی سزا سنائی گئی، 6 سب انسپیکٹر، 1 اے ایس آئی، 3 ہیڈ کانسٹیبل اور 5 کانسٹیبلز کی اپیلوں کو مسترد کر کےنوکری سے برخاست کی سزا کو برقرار رکھا گیا۔

اس کے علاوہ غیر حاضری پر ایل ڈی سی کی اپیل نوکری سے برخاست کی سزا کو برقرار رکھا گیا، سپرنٹنڈنٹ اور سب انسپکٹر کی اپیل پر پروموشن روکنے کی سزا کو تبدیل کرکے سینشور میں تبدیل دیا گیا۔