مقامی حکومتوں کے بغیر بنیادی مسائل حل نہیں ہوسکتے، ریاست کمزور ہوگی: ملک احمد خان

Published On 01 December,2025 03:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا کہنا ہےکہ مقامی حکومتوں کے بغیر بنیادی مسائل حل نہیں ہوسکتے، ریاست کمزور ہوگی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نےکہا کہ اسمبلی میں تمام پارٹیوں کی جاندار نمائندگی موجود ہے اور کسی بھی رکنِ اسمبلی نے مقامی حکومتوں کی مخالفت نہیں کی، اگر مقامی حکومتوں کو اختیارات منتقل نہ کیے گئے تو ریاست کمزور ہوگی، کیونکہ اختیارات بٹنے سے ہی بڑھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک اختیارات نچلی سطح تک نہیں جائیں گے ریاست اور شہری کے درمیان معاہدہ کمزور رہے گا، انہوں نے ملک میں موجود غیر مساوی تقسیم پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ گاؤں میں رہنے والے لوگوں کو صاف پانی، پکی سڑکیں اور بہتر انفرااسٹرکچر کی ضرورت ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اگر آج شہروں کو بہتر اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے تو یہ خوش آئند ہے، لیکن یہ بھی سوچنا ہوگا کہ کیا ایک ہی جگہ بیٹھ کر تمام کام نمٹائے جا سکتے ہیں؟ جب تک مقامی حکومتیں فعال نہیں ہوں گی، بنیادی مسائل حل نہیں ہوسکیں گے۔

ملک احمد خان نے مزید کہا کہ جس طرح وفاق اور صوبے کی اہمیت ہے اسی طرح مقامی حکومتوں کا کردار بھی انتہائی اہم ہے، کچھ لوگ سیاسی مکالمے کو جرم سمجھتے ہیں، حالانکہ مقامی حکومتوں کا قیام جمہوری نظام کا نامکمل ایجنڈا ہے۔