نواز شریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کی منظوری دیدی

Published On 04 December,2025 06:08 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔

گوجرانوالہ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کا انعقاد ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ گوجرانوالہ کے لوگوں کا حق ہے جو انہیں بہت پہلے مل جانا چا ہیے تھا، گوجرانوالہ کی ترقی اورعوام کو سہولت ملنے پر بے حد خوشی ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

بریف میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ عوام کی سہولت کیلئے بننے والا تاریخی پراجیکٹ ہے، ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ ایمن آباد سے گھکھڑ تک 30کلومیٹر سے زائد طویل ہوگا جس سے روزانہ 51ہزار سے زائد مسافر مستفید ہوں گے۔

بلال اکبر نے بتایا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ میں 40الیکٹرک آرٹیکولیٹڈ بسیں چلائی جائے گیں۔