پنجاب حکومت نے بسنت کا تہوار منانے کی اجازت دے دی

Published On 10 December,2025 03:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے بسنت کا تہوار منانے کی اجازت دے دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 25 سال بعد ہمارے محبوب ورثہ اور تہذیبی میلے ’’بسنت‘‘ کی بحالی کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6، 7 اور 8 فروری کو پورے لاہور میں بسنت کا تہوار منایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بسنت ایک ایسا تہوار جس کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں اور جسے دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے، بسنت آرڈیننس 2025 پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، ہر پتنگ، ہر دھاگہ اور ہر فروخت کنندہ درج شدہ، کیو آر کوڈ کے تحت اور مانیٹرنگ کے ساتھ ہوگا، بسنت عوام کی تہذیب اور خوشی کا حصہ ہے، اس کی کامیابی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر لاہور بھر میں موٹر سائیکلوں پر سیفٹی اینٹینا لگانے کی مہم کل سے شروع ہو رہی ہے، بسنت سے پہلے اور بسنت کے دوران لاہور کی ہر موٹر سائیکل پر حفاظتی اینٹینا نصب کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اور انسانی جانوں کا تحفظ وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، آئیں! پتنگیں بھی اُڑیں، خوشیاں بھی بکھریں اور سفر بھی محفوظ رہے، ہم سب مل کر لاہور کو خوشگوار، تاریخی اور محفوظ بنائیں گے۔