لاہور:(دنیا نیوز) 1971 کی جنگ میں مشرقی اور مغربی محاذوں پر پاکستان آرمی کے جوانوں نے بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔
پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سلمان بیگ (ریٹائرڈ) نے 1971 کی جنگ کی آپ بیتی سناتے ہوئے کہا کہ 1971 میں بھارت نے مشرقی پاکستان پر حملہ کر کے جنگ کا آغاز کیا، میری یونٹ اس وقت مہرپور، جیسور سیکٹر میں تعینات تھی۔
انہوں نے بتایا کہ 1971 کی جنگ کے دوران مجھے چارلی کمپنی میں تعینات کیا گیا چارلی کمپنی کے کمانڈر میجر زاہد الاسلام انتہائی بہادر اور نڈر تھے، 9 دسمبر کو بریگیڈ کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسر نے اطلاع دی کہ بھارتی فوج کشتیا کے علاقے کی طرف حملہ کرنے آ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے اس جانب مارچ کرنا شروع کر دیا جہاں سے بھارتی فوج حملہ آور ہوئی، ہمارے کمانڈر نے دیکھا کہ بائیں جانب سے گولہ باری شروع ہو گئی ہے، دائیں جانب سے دشمن کے ٹینک نمودار ہوئے اور دونوں جانب سے فائرنگ شروع ہو گئی، ہمارے کمانڈر میجر زاہد الاسلام نے کہا کہ دیوار کو عبور کر کے ہم اسی جانب حملہ شروع کرتے ہیں۔
ہماری یونٹ کو دیکھ کر بھارتی افواج وہاں سے پیچھے ہٹ گئیں، الحمدللہ، اللہ نے دشمن کے دل میں خوف ڈال دیا اور یہ ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا، بھارتی افواج خوف و ہراس کے مارے بھاگنا شروع ہوگئیں۔



