کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈمپرز اور ٹینکرز شہریوں کی جانوں کے دشمن بن گئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ڈمپرز اور ٹینکرز کے باعث شہریوں کی اموات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، آئے دن ہونے والے ٹریفک حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور شہری اپنے پیاروں کے جنازے اٹھانے پر مجبور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹینکرز اور ڈمپرز کے ساتھ ساتھ ای چالان کے نام پر بھی شہریوں سے لوٹ مار کی جا رہی ہے جس کے خلاف جماعت اسلامی بھرپور احتجاج کرے گی، آج شام 5 بجے نمائش چورنگی پر جماعت اسلامی کی جانب سے دھرنا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہو چکا ہے اور شہریوں کی زندگیاں غیر محفوظ ہیں، پانی کی شدید قلت نے ٹینکر مافیا کو مزید مضبوط کر دیا ہے جبکہ شہر کے پچاس فیصد علاقے پانی سے محروم ہیں۔
علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی نے مطالبہ کیا ہے کہ خونی ٹینکروں کا خاتمہ کیا جائے اور شہریوں کو نلکوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے، جماعت اسلامی ان تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔



