ماسکو: پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا روسی وزارتِ خارجہ کی ڈپلومیٹک اکیڈمی کا دورہ

Published On 24 December,2025 03:36 pm

ماسکو: (شاہد گھمن) اسلامی جمہوریہ پاکستان کے روس میں سفیر فصیل نیاز ترمذی نے ماسکو میں روسی وزارتِ خارجہ کی ڈپلومیٹک اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اکیڈمی کے شعبۂ تربیتِ اعلیٰ برائے روسی و غیر ملکی سفارت کاران کے سربراہ، میخائل گریگوریوِچ تروئانسکی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران میخائل تروئانسکی نے پاکستانی سفارت کاروں کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور قابلیت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سفارتی عملے نے بین الاقوامی سطح پر مثبت شناخت قائم کی ہے۔

انہوں نے سفیر فصیل نیاز ترمذی کو دعوت دی کہ وہ ڈپلومیٹک اکیڈمی میں روسی اور غیر ملکی طلبہ کے لیے ایک خصوصی لیکچر دیں جبکہ پاکستانی سفارت کاروں کے لیے تربیتی و پیشہ ورانہ مہارت بڑھانے کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر سفیر فصیل نیاز ترمذی نے دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روسی ماہرین کی جانب سے منعقد کیے جانے والے تربیتی پروگرام پاکستانی سفارت کاروں کو روس سے متعلق گہری آگاہی فراہم کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

انہوں نے اکیڈمی میں لیکچر دینے کی دعوت قبول کرتے ہوئے روسی تعلیمی و سفارتی اداروں کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

سفارتی حلقوں کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی، سفارتی اور پیشہ ورانہ تعاون کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔