پاکستان کا یمن میں امن و استحکام کی سعودی و اماراتی کوششوں کی حمایت کا اعلان

Published On 27 December,2025 08:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان یمن میں امن و استحکام کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن میں موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، یمن میں امن کے لیے سعودی سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، امید کرتے ہیں ہے کہ سفارتی کوششیں ملک میں دیرپا امن کے قیام کا سبب بنیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یمن کے استحکام سے متعلق متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو بھی سراہتے ہیں، پاکستان یمن کی علاقائی سالمیت کے احترام کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔

وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امید ہے فریقین کسی بھی ایسے یکطرفہ اقدامات سے گریز کریں گے جو صورتحال میں مزید کشیدگی کا باعث بنے، فریقین متفقہ طور پر مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل نکالیں۔

خیال رہے کہ یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی اور جنوبی یمن میں عبوری کونسل کے مسلح گروہوں کے درمیان کشیدگی جاری ہے اور دونوں گروپوں میں جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

ان جھڑپوں کا آغاز چند سال قبل عدن سے ہوا تھا اور بعد ازاں جھڑپوں کا دائرہ جزیرہ سقطری اور دیگر علاقوں تک پھیل گیا، جس کے دوران سینکڑوں افراد جان سے گئے یا زخمی ہوئے۔