سہیل آفریدی کا پنجاب حکومت کو خط، پروٹوکول سے متعلق تحفظات کا اظہار

Published On 29 December,2025 04:59 pm

پشاور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پنجاب حکومت کو باضابطہ خط ارسال کر دیا۔

اپنے خط میں سہیل آفریدی نے پنجاب کے دورے کے دوران پروٹوکول سے متعلق مبینہ خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، پنجاب میں دورے کے دوران میرے ساتھ نامناسب رویّے اور بدتمیزی کی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ روا رکھا گیا سلوک عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے،پنجاب میں سکیورٹی اقدامات غیر ضروری اور حد سے زیادہ تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،موٹر وے سروس ایریاز تک رسائی نہ دینا بھی سنگین مسئلہ تھا۔

سہیل آفریدی کا خط میں کہنا تھا کہ مجھے بدنام کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی اور منشیات سے جوڑنے کی مہم ریاستی اداروں سے منسلک اکاؤنٹس سے چلائی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کردار کشی کی مہم کی سخت مذمت کرتا ہوں، ایسے اقدامات بین الصوبائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتے ہیں، اںہوں ننے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور واقعے کی دوبارہ تکرار نہ ہونے کی یقین دہانی کا مطالبہ کر دیا۔

 اُنہوں نے مزید کہا کہ میرے خط کو مستقبل کی قانونی اور سرکاری کارروائی کیلئے باضابطہ ریکارڈ قرار دیا گیا۔